ملتان، 27 جولائی (اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کی ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر بہبود آبادی مظہر اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محترمہ مسرت اور ڈسٹرکٹ منیجر اوقاف ایاز گیلانی اجلاس میں شریک ہوئے۔
ایڈوائزی کمیٹی کے اجلاس میں پاپولیشن ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کے لئے خدمات سرانجام دینے والے65 خطیبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا 58 خطیبوں کی کارکردگی کی اطمینان بخش قرار دے دیا گیا ہے۔ 8 خطیبوں کو کارکردگی بہتر بنانے کی لیٹر ارسال کرنے کے فیصلہ کیا گیا ہے۔
اے ڈی سی قمرالزمان قیصرانی نے کہا کہ خاندان کی تشکیل ہر فرد کا حق ہے اور کہا حکومت نے جمعہ اور سماجی اجتماعات میں”ماں اور بچے کی صحت” بارے آگاہی دینے کے لئے خطیبوں کی خدمات حاصل کی ہیں، خطیبوں اور آئمہ کرام کو خدمات کے عوض ماہانہ اعزازیہ دیا جاتا ہے، حکومت نے اعزازیہ کی مد میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کو58 لاکھ روپے فراہم کئے ہیں، رواں مالی سال میں مزید65 خطیبوں اور آئمہ کرام کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور کہا حکومت خطیبوں کا معاوضہ بڑھانے پر بھی غور کررہی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے نئے خطیبوں کی تعیناتی کے لئے محکمہ بہبود آبادی سے فہرستیں طلب کر لی ہیں۔