اٹک، 27 جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ مون سون شجرکاری مہم پلانٹ فار اٹک کے نام سے شرو ع ہو گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں مون سون شجرکاری مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مرضیہ سلیم،ڈی ایف او عامر عباس اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں شرکاء کو بتا یا گیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں 7اگست کو 7 لاکھ کے قریب پو دے ضلع بھر میں لگائے جائیں گے جس میں تمام سر کاری، نیم سر کاری اور نجی ادارے حصہ لیں گے۔
اس موقع پر ڈی سی اٹک نے شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ اس سال کی مہم سابقہ سالوں سے مختلف ہو گی، سرکاری دفاتر میں لگائے جانے والے پودے سر کاری عملے کے اراکین تصور ہوں گے، اسی طر ح تعلیمی اداروں میں لگائے جانے والے پودے ان اداروں کے طلباء تصور ہو ں گے اور ان کا بھر پور خیال رکھا جائے گا۔ ہر طالب علم کو ایک پودا دیا جائے گا جس کو لگانے کے بعد اس کے ہمراہ ایک تصویر بھی بنائی جائے گی اور ایک سال کے بعد اس کی نشو ونماء کے بعد مزید ایک تصویر بنائی جائے گی۔ شجر کاری مہم میں تمام اداروں کی کارکردگی باقاعدگی سے مانیٹر کی جائے گی اور اس ضمن میں ضلعی مانیٹر نگ آفیسر اٹک کی سر برا ہی میں قائم ہو نے والی کمیٹی کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں جو تمام متعلقہ اداروں کی شجر کاری مہم میں کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے افراد یا اداروں کو انعامات سے نوازا جائے گا اور خراب کارکر دگی دکھانے والوں کی باز پرس ہو گی۔ اس کے علاوہ محکمانہ کار کردگی کے سلسلے میں جائزہ اجلاس میں پلانٹ فار اٹک ایجنڈا نمبر ایک ہو گا۔
ڈی سی اٹک نے تمام سٹیک ہو لڈرز کی اس اہم مہم میں بھر پور کردار اد ا کر نے کی ہدایت کی۔