ملتان، 27جولائی(اے پی پی):عیدالضحیٰ پر بہترین کارکردگی پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی انتظامیہ کی پذیرائی جاری، مبارکباد کے لئے شہر کی مختلف تاجر تنظیموں کے صدور اور عہدیداران نے کمپنی ہیڈ آفس کا دورہ کیا، تاجر تنظیموں کے صدور اور سیکٹریز نے ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر کو پھول پہنائے اور دستار بندی بھی کی۔ کمپنی کے منیجرز، ڈپٹی منیجرز اور میونسپل ایمپلائز یونین کے سرپرست ملک منیر ہانس اور سیکرٹری جنرل سمیع اللہ کی بھی دستار بندی کی گئی، تاجر تنظیموں کی قیادت آل پاکستان انجمن تاجران جنوبی پنجاب کے صدر عارف فصیح اللہ نے کی اور عزیزالرحمان،طارق ہانس،منیر ارائیں، عنایت اللہ شنواری اور شہر کے مختلف تاجر تنظمیوں کے صدور بھی ہمراہ تھے۔
اس موقع پر ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر مثالی صفائی ایک چیلنج تھا ، اللہ کے کرم سے کمپنی صفائی کے لئے تیار کئے گئے ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے میں کامیاب ہوئی۔
ایم ڈی نے کہا کہ بہترین صفائی کا کریڈٹ کمپنی ورکرز کو جاتا ہے ،شہر اولیاء کے باسیوں کے عید صفائی بارے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں، کمپنی مستقبل میں اپنی کارکردگی برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری مارکیٹوں میں صفائی کا ایک وقت مقرر کرے۔
آل پاکستان انجمن تاجران جنوبی پنجاب کے صدر عارف فصیح اللہ نے کہا کہ کمپنی نے عید کے موقع پر بہترین صفائی کرکے شہریوں کے دل جیت لئے ہیں ، ماضی کے پچاس برس میں کسی عید پر اس طرح کے منظم انتظامات دیکھنے میں نہیں آئے، توقع ہے کمپنی مستقبل میں صفائی کا اعلیٰ معیار برقرار رکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ ملتان شہر کی تاجر تنظیمیں صفائی میں تعاون کے لئے کمپنی کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
تاجر تنظیموں کے عہدیداران میں شیخ شفیق،شمشاد قریشی، ڈاکٹر طیب اور تاجر نمائندے رانا ادریس،پرویز گجر، جاویداقبال،عبدلعزیز اور ناصرکاظمی ، ظفر پہوڑ،منصور بھٹی،صبغت اللہ انصاری ،سلیم خان اور خواجہ زوہیب شامل تھے۔