نارووال:ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس،محرم کے دوران سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا

49

نارووال،6اگست  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان  کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو یہاں ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے  ہوئے ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان کا کہنا تھا  کہ  ضلع نارووال میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے پبلک سیفٹی و سیکیورٹی میونسپل سروسز اور دیگر انتظامات کے علاوہ ضابطہ اخلاق اور کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں ضلعی امن کمیٹی کی کاوشوں سے عرصہ دراز سے امن و امان کی مثالی فضاء قائم ہے اوریہ فضاء اسی صورت بر قرار اور قائم رہے گی، جب علماء کرام اورممبران امن کمیٹی اپنے اپنے مسلک کے لوگوں پر اثر اور کنٹرول قائم رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن وامان کا قیام موجودہ اور آئندہ نسلوں کی بقاء کا ضامن ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام مسالک کے لوگ صبرو تحمل بر دباری، رواداری اور بھائی چارے کے اصولوں پر عمل کریں منبرومحراب سے کسی مسلک کی دل آزاری نہیں ہونی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں میں شرکت کر نیوالوں کو کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل ضرور کروائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے  کہا کہ قانون کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام پر مجالس اور جلوس روٹس کی صفائی و لائٹنگ وغیرہ کو متعلقہ میونسپل کمیٹیز یقینی بنائیں گی۔

اجلاس میں ڈی پی او سید اکبر علی شاہ، اے ڈی سی جی محمد حنیف، اسسٹنٹ کمشنرعثمان سکندر کے علاوہ چیئرمین ضلعی پنجاب بیت المال امجد خاں کاکٹر،راہنما پی ٹی آئی حافظ ذوالفقار مہیس، پیر علامہ قاضی محمد یعقوب رضوی،حافظ عبدالمجید، شیخ ثائر علی،حاجی نذر عباس،انتظارحسین شاہ،ڈاکٹر طارق اپل،علامہ عبدالرزاق رضوی،حافظ طلعت محمود و دیگر  علماء کرام اور ممبران امن کمیٹی نے  شرکت کی۔