وزیراعلیٰ پنجاب نے ضلع نارووال کیلئے ریکارڈ ترقیاتی پیکیج دیا ہے، جس کے فنڈز بھی ریلیز کئے جاچکے ہیں؛ صوبائی وزیربلدیات میاں محمود الرشید

27

نارووال،07اگست ( اے پی پی): صوبائی وزیربلدیات   میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب تمام عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان مسائل کے حل  کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے ضلع نارووال کیلئے ریکارڈ ترقیاتی پیکیج دیا ہے، ترقیاتی منصوبوں پر کام کے فوری آغاز کے لئے فنڈز بھی ریلیز کئے جاچکے ہیں اور نارووال کی تاریخ میں ریکارڈ ترقیاتی کام شروع ہونے جا رہے ہیں۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار  ڈپٹی کمشنر آفس نارووال میں افسران ،سیاسی قائدین اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور سپریم کورٹ نے بلدیاتی نمائندوں کو بحال کیا ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ 2013  کا بلدیاتی ایکٹ ختم ہو چکا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمدکروانا چاہتے ہیں لیکن اس میں  قانونی پچیدگیاں ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر بلدیات کا قلمدان سنبھالنے کے بعد نارووال کا پہلا دورہ کیا ہے تاکہ یہاں کے مسائل کے حوالہ سے براہ راست آگاہی حاصل کرسکوں، اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر نارووال کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ ضلع بھر کے لئے  ماسٹر پلان تیار کیاجائے  اور انشاء اللہ بہت جلد آپ نارووال کو بدلا ہوا پائیں گے ۔انہوں نے  شہر میں پینے کے صاف پانی ،صفائی، سیوریج اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالہ سے مزید بہتری کی ہدایات جاری کرتے ہو ئے ہوئے کہا کہ اداروں کو درپیش افراد ی قوت اور فنڈز کی کمی کے حوالہ سے سمری وزیر اعلی کو بھجوائی جائے گی-

 صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ عوامی ترجیحات پر عمل درآمد اور شہری مسائل کے حل کے سلسلہ میں دستیاب وسائل کوبہتر طریقہ سے استعمال کرتے ہوئے صفائی، سیوریج اورسالڈ ویسٹ کے شعبوں سے متعلق عوامی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں ۔

ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے صوبائی وزیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت پنجاب کی جانب سے ریکارڈ ترقیاتی  پیکیج پر وزیر اعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے صوبائی وزیر کو بتایاکہ حکومت کے خصوصی ترقیاتی وژن کے تحت ضلع کی تعمیر و ترقی کے لئے اربوں روپے کے  ترقیاتی پیکیج پرعمل درآمد کیلئے پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ سالانہ تر قیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے حوالہ سے تمام اسکیمیں سی ایم آفس کی مقررہ ٹائم لائن کے مطابق منظور کی جا رہی ہیں اور پہلی بار ضلع نارووال کو اس کے حجم اور اہمیت کے مطابق ترقیاتی فنڈز فراہم کئے گئے ہیں ۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نارووال  بھرمیں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں سے بہت سارے دیرینہ مسائل کا پائیدار حل ممکن ہو جائے گا  اوراس سلسلہ میں تمام متعلقہ ادارے مسلسل کام کررہے ہیں ۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائر یکٹر لوکل گورنمنٹ اسلم گھمن،سی اوز میونپسل کمیٹیز عامر بٹ،شہباز کیانی ،محمد نصیرو دیگر افسران نے صو بائی وزیر کو اپنے اداروں کی کارکردگی، عوام کو ریلیف کی فراہمی کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات اور درپیش مسائل کے حوالہ  سے بریفنگ دیی، صوبائی وزیرنے اجلاس کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کے حل کے سلسلہ میں حکومت پنجاب ہرممکن کوشش کر رہی ہے۔