پنجاب اوربلوچستان یکجان دوقالب ہیں، پنجاب کے عوام بلوچستان کے لیے خیر سگالی اورمحبت کے جذبات رکھتے ہیں؛وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

27

لاہور، 7 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب اوربلوچستان یکجان دوقالب ہیں پنجاب کے عوام بلوچستان کے لیے خیر سگالی اورمحبت کے جذبات رکھتے ہیں۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں  نے معاون خصوصی برائے مصالحت وہم آہنگی بلوچستان نوابزادہ شاہ زین بگٹی سے  ملاقات میں کیا  ، جنہوں نے  ہفتہ کو یہاں     وزیر اعلیٰ  سے   ملاقات کی ، ملاقات میں عمومی سیاسی صورتحال اورباہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ست گرہ، اوکاڑہ میں میرچاکر اعظم رندکے مقبرے کی بحالی بلوچ بھائیوں کیلئے خیر سگالی کا خوبصورت پیغام ہے،میرچاکراعظم رندکے مقبرے پر سیاحوں کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کریں گے علاوہ ازیں حکومت پنجاب نے تربت میں ہسپتال کی تعمیر کیلئے خطیر فنڈمختص کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے لئے صحت کی مزید سہولتیں بھی فراہم کریں گے، بلوچستان کے عوام کے لئے ایمبولینس اورسکول بس پنجاب حکومت کا تحفہ ہے،ترقی کے سفر میں پنجاب بلوچستان کو ساتھ لے کر چلے گا اس طرح سب اکائیاں اکٹھے ترقی کا سفرطے کریں گی تو پاکستان آگے بڑھے گا۔

 دوران ملاقات سردار عثمان بزدار کی جانب سے پیش کئے گئے خیر سگالی کے جذبات پر شاہ زین بگٹی شکر گذار ہوئے اور کہا کہ پنجاب حکومت نے پہلے بھی بلوچستان میں بسنے والے بھائیوں کیلئے ہرممکن تعاون کیا ہے اورآئندہ بھی کرتا رہے گا،پنجاب کے جذبہ خیر سگالی کی قدر کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ  پنجاب کی ترقی کے لئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات قابل قدر ہیں اور بلوچستان کی تعمیر وترقی میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکے تعاون کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔