عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے،ممبر قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق

43

اٹک۔7اگست  (اے پی پی):ممبر قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں مختلف عوامی امور کے سلسلے میں ضلعی رابطہ کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر  صوبائی وزیر مال کرنل (ر) ملک محمد انور، صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود و بیت مال سید یاور عباس بخاری،ممبر صوبائی اسمبلی ملک جمشید الطاف، ضلعی صدر پی ٹی آئی قاضی احمد اکبر خان، وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے نمائدے ملک اعجاز، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اکبر خان تنولی،ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ، ڈی پی او اٹک رعنا شعیب محمود اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں مختلف عوامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام افسران نے شرکا ء کو اپنے محکموں کے متعلق بریفنگ دی۔مختلف عوامی مسائل اور ان کے سد باب کے لیے تجاویز اور ہدایات دی گئی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ان سکیموں میں تعلیم، صحت، سڑکوں کی بحالی و مرمت،تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور دیگر عوامی اور فلاحی منصوبے شامل تھے۔ مجموعی طورپر 1174ترقیاتی سکیموں پر 20957ملین روپے لاگت آئے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میجر (ر) طاہر صادق نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور بھر پور ریلیف فراہم کیا جائے۔