پاکستان کی خوشحالی کے لئے ہرفرد کومتحرک ہوناہوگا؛ ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئررانا شاہد

37

راولپنڈی ، 13 اگست (اے پی پی ):ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئررانا شاہد نے کہاکہ پاکستان کی خوشحالی کے لئے ہرفرد کومتحرک ہوناہوگا،پاکستان کی ترقی کے لئے سب کواپنااپناحصہ ڈالناہوگا،پاکستان بے پناہ قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا،اس کی ہم سب کومل کرقدر کرنی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں  نے یوم آزادی پر یہاں ایک شاندار تقریب سے خطاب میں کیا۔ رانا شاہد نے کہا کہ جوقومیں اپنے آباؤاجداد کی قربانیوں کویادنہیں رکھتیں،وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتیں،ہمیں اپنی نوجوان نسل کوبھی ان قربانیوں سے آگاہ کرناہے اس کے لئے صرف یوم آزادی کادن مقرر نہیں ہوناچاہیے،بلکہ ہرادارہ میں گاہے بگاہے ایسی تقریبات منعقد ہونی چاہیے جو ہمیں  اپنوں کی قربانیوں کی یاد دلاتی رہیں۔انہوں نے کہا کہ والدین کے بعد نوجوان نسل کی کردار کی تربیت اساتذہ پرعائد ہوتی ہے،لہذا ان کی عزت کرناہوگی۔

 پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ)کے جنرل سیکریٹری وڈائریکٹرآپریشن ثناء اللہ گھمن نے کہاکہ پاکستان ہماراگھر ہے،اس کی حفاظت ہماری زندگی کامقصد ہے،پاکستان ہے توہم ہیں،لہذا اس کی سلامتی وترقی کے لئے تمام اداروں کواپنااپنافرض ایمانداری اوربے لوث جذبہ سے سرانجام دیناہوگا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں،ان کی عزت ہم سب پرفرض ہے،آج میں یاآپ ہم سب کوجومعاشرہ میں اعلی مقام حاصل ہے وہ اساتذہ کی بدولت ہے، پاکستان لاکھوقربانیاں دے کرحاصل کیاگیا،ملک کی ترقی کی راہ میں جورکاوٹیں ہیں انھیں دورکرنے کی ضرورت ہے۔

وویمن ڈیولپمنٹ اینڈ ویلفیئرسینٹرکی چیئرپرسن ارم ممتازنے کہاکہ پاکستان نظریہ کی بنیاد پرحاصل کیاگیا،نظریے قوموں کے وجود کی وجہ،بنتے ہیں،جس کاکوئی نظریہ نہیں،اس کاکوئی مقصد نہیں،پاکستان ہمارے دلوں کی دھڑکن ہے،اس کی بقاء کے لئے آخری دم تک ہر منفی قوت سے سربرآزماہونے کے لئے ہروقت خود کوتیار رکھناہوگا،پاکستان کی حفاظت فقط اداروں کاہی نہیں،ہرشہری کافرض ہے۔

تقریب کوپاکستانی پرچم،جھنڈیوں،ہرے اورسفید رنگ کے غباروں اوربینرز سے سجایاگیاتھا۔