بٹگرام؛ ڈاکٹرثانیہ نشتر کا احساس سنٹر کا دورہ ،مستحقین سے احساس کیش وصول میں درپیش مشکلات اور پروگرام کی شفافیت کے متعلق معلومات حاصل کیں

32

بٹگرام، 03 ستمبر (اے پی پی ): وزیرِ اعظم کی معاون خصوصی برائے تحفیف غربت و سماجی تحفظ اور احساس پروگرام کی چیئر پرسن سینیٹر ڈاکٹرثانیہ نشتر نے جمعہ کو یہاں  احساس سنٹر کا دورہ کیا، احساس پروگرام کے ضلعی دفتر سمیت مختلف سنٹرز کا معائنہ کیا اور وہاں پر موجود دفتری امور کا جائزہ لینے سمیت مستحقین سے احساس کیش وصول میں درپیش مشکلات اور پروگرام کی شفافیت کے متعلق معلومات حاصل کیں۔

 دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت اور بدعنوانی سے پاک کردیا گیا ہے، ہماری بھرپور کوشش رہی ہے کہ مستحقین کو انکی دہلیز پر انکا حق مل سکے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کے باہمی مشاورت کے بعد موزوں جگہ پر احساس سنٹرز قائم کیئے گئے ہیں تاکہ مستحقین کو کیش کی وصولی میں دقت کا سامنا نہ ہو۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ پہلے احساس پروگرام کے مستحقین کو ریٹیلر سے کیش وصولی کی جاتی تھی لیکن شکایات موصول ہونے کی بناء پر اب ہم اپنے سنٹرز سے مستحقین میں شفاف طریقے سے امداد کی ادائیگی کررہے ہیں۔

 ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بٹگرام کے ایک نجی سکول کے دورے کے موقع پر بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انھیں سکول میں انرول کیا۔