وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو وزیر اعظم اور اتحادی جماعتوں کی سپورٹ حاصل ہے وہ کہیں نہیں جا رہے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

17

لاہور 6 ستمبر (اے پی پی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عوام نے ہمیں پانچ سال کے لیے چنا ہے تحریک انصاف کی حکومت پانچ سال پورے کرے گی معیشت درست سمت میں ڈال دی غریب آدمی کی بیماریوں  کے علاج معالجے کے لیے  پنجاب اور خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ دے دیے گئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں چغتائی پبلک لائبریری اور اخوت کی جانب سے موبائل لائیبریری منصوبے کے افتتاح کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے اور عوامی مفاد کے تمام منصوبے تیزی سے مکمل کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو وزیر اعظم اور اتحادی جماعتوں کی سپورٹ حاصل ہے وہ کہیں نہیں جا رہے ۔قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے چغتائی پبلک لائبریری اور اخوت کی جانب سے موبائل لائیبریری منصوبے کے افتتاح کیا اور پاکستان میں پڑھائی کے کلچر کو واپس لانے میں چغتائی پبلک لائبریری اور اخوت کی کوششوں کو سراہا ۔تقریب میں ڈاکٹر امجد ثاقب اور ڈاکٹر اے ایس چغتائی کے علاؤہ مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔