لاہور 6 ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اپنے دفترمیں یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام کے وفدسے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں صوبائی وزیر صحت اور یواین ڈی پی کے وفدکے درمیان پنجاب میں کوروناکی صورتحال اور پنجاب ایڈزکنٹرول پروگرام میں توسیع کے بارے تبادلہ خیال ہوا۔ یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام کے وفدنے پنجاب میں ایڈزکے مریضوں کی آسانی کیلئے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی کاوشوں کوسراہا۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ حکومت پنجاب ایڈزکے رجسٹرڈ13ہزار مریضوں کو تشخیصی ٹیسٹوں،ادویات اورعلاج کی مفت سہولت فراہم کررہی ہے، پنجاب ایڈزکنٹرول پروگرام کا دائرہ کار16شہروں سے بڑھاکرتمام36 اضلاع تک پھیلایاجارہاہے، پنجاب ایڈزکنٹرول پروگرام کے تمام رجسٹرڈ مریضوں کو ادویات کے حصول کی خاطر کسی قسم کی پریشانی سے بچنے کیلئے سمارٹ کارڈز بھی جاری کیے جارہے ہیں، حال ہی میں نجی رفاعی ادارہ سے معاہدہ کے تحت ایک سال تک ہر ماہ ایڈزکے ایک ہزار مریضوں کومفت راشن تقسیم کیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے پنجاب ایڈزکنٹرول پروگرام کا دائرہ کارپورے صوبہ تک پھیلانے کیلئے اسامیوں کے کوٹہ میں 150سیٹوں کا اضافہ بھی کردیاہے، حکومت پنجاب کوروناکے تدارک کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلارہی ہے، اگلے دوسال میں عوام کو صحت کے شعبہ میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کریں گے صوبہ میں 7اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں اور دسمبر2021تک پنجاب کے تمام 2کروڑ93لاکھ خاندانوں کو یونیورسل ہیلتھ کوریج کی مفت سہولت فراہم کردی جائے گی۔
یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام کے ریزیڈنٹ نمائندہ پاکستان مسٹرنٹ آبسٹبائےنے کہا کہ پنجاب ایڈزکنٹرول پروگرام کا دائرہ کاربڑھانے کیلئے مکمل تعاون کریں گے۔