صوبائی کابینہ کا موجودہ حکومت میں صوبائی اسمبلی سے منظورشدہ قوانین کے تحت بنائے گئے رولز کی صورتحال کا جائزہ

52

پشاور۔13 ستمبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ گزشتہ اور موجودہ دور حکومت میں منظور شدہ ایسے تمام قوانین جن کے تحت ابھی تک رولز نہیں بنے ہیں ، اُن کے رولز ایک مہینے کے اندر تیار کرکے کابینہ کی منظوری کیلئے پیش کئے جائیں تاکہ اُن قوانین پر اُن کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی ہے کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ فرانزک لیبارٹری کے قیام کیلئے ایک مہینے کے اندر مناسب جگہ کی نشاندہی کی جائے تاکہ ا س منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ نے کنٹونمنٹ انتخابات میں صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پر صوبے کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی نمایاں کامیابی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ صوبے کے عوام نے گزشتہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پر جس اعتماد کا اظہار کیا تھا وہ اب بھی برقرار ہے اور انشاءاﷲ آئندہ عام انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف شاندار کامیابی حاصل کرے گی کیونکہ عوام موجودہ حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات سے مطمئن ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ اراکین کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کے بارے میں عوام کو آگہی دینے اور موجودہ حکومت کے بارے میں منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈوں کا موثر اور مدلل انداز میں جواب دینے کے اقدامات اُٹھائیں۔

وہ پیر کے روز صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ صوبائی کابینہ کے اراکین کے علاوہ چیف سیکرٹری اور صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی ۔