اسلام آباد،23ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہا ہے کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان اور چین کی قیادت نے سی پیک منصوبے کو جاری رکھا ہے، سی پیک کے جنوبی زون سے پاکستان میں کثیر غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوسی پیک مشترکہ تعاون کمیٹی کے دسویں اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کئی چیلنجوں کے باوجود پاکستان اور چین کی قیادت سی پیک کے اہم منصوبے کو جاری رکھے ہوئے ہے، سی پیک کے جنوبی زون سے پاکستان میں وسیع غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی، سی پیک کے پہلے مرحلے کی تکمیل دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا مظہر ہے۔
اسد عمر نے کہاکہ سی پیک کے تحت بلوچستان میں بہت سے منصوبے جاری ہیں، سی پیک کے تحت ایم ایل ون ریلویز کی ترقی کا ایک اہم منصوبہ ہے اسی طرح سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کے حوالہ سے بہت سی توقعات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پرکام کرنیوالے چینی ورکرز کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، پاکستان میں کام کرنے والے چینی ورکرز کو بہترین سکیورٹی مہیا کی گئی ہے، سی پیک منصوبوں کے ثمرات فوری عوام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔











