اسلام آباد،23ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں بڑی تعداد میں پاکستانی مقیم ہیں ، پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی میں کبھی دراڑ نہیں آئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاک۔سعودی تعلقات اور ماضی، حال اور مستقبل کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی کا پہلا معاہدہ 1951ءمیں ہوا، سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی دوستی کی طویل تاریخ ہے، پاکستانی سعودی عرب سے دلی محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمسایہ ملک کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے تو اس پر پاکستان کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا، اس موقع پر دوست ممالک نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے پاکستانیوں کی محبت ہمیشہ رہے گی، پاکستانی مزدور سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور وہ بھاری ترسیلات زر پاکستان بھی بھیجتے ہیں، پاکستانی مزدور اور پروفیشنلز سعودی عرب میں کام کرنے کی دلی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے افغان مہاجرین کے معاملہ پر ہماری مدد کی، عالمی سطح پر دونوں ممالک کا تعاون مثالی ہے، مسلم امہ سعودی عرب اور پاکستان کی طرف دیکھتی ہے اور دونوں ممالک کی قیادت دنیا کی قیادت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب کی سرزمین سے سیاست، ماحولیات اور انسانی تعلقات سیکھے، سعودی عرب کی تاریخ کے تناظر میں ہمیں خطہ، نظریات اور عوام سے محبت ہے، جب تک یہ کائنات قائم ہے یہ محبت قائم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرمﷺ اور خلفائے راشدین نے دنیا سے تعلقات کیلئے جو اصول وضع کئے وہ اب نظر نہیں آتے، دنیا کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو اخلاقیات، ہمدردی اور اصولوں کی بنیاد پر ہو نہ کہ تعلقات کو تجارت اور مفادات سے جوڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ماحولیات سمیت دیگر شعبوں کے بارے میں بہترین ویژن رکھتے ہیں، سعودی عرب ویژن 2030ءتاریخی تبدیلی ہے، سعودی عرب میں نئے شہر قائم کئے جائیں گے، یہ بڑا منفرد کاروباری مرکز بنے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے جس طرح کورونا وباکا مقابلہ کیا دنیا کیلئے مثال ہے، دنیا افغانستان سے انخلاءمیں پاکستان کی شکرگزار ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان کے خلاف فیک نیوز کی بنیاد پر مہم چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے تیار ہے، پاکستانیوں کو جتنی پاکستان سے محبت ہے اتنی ہی سعودی عرب سے ہے۔











