ملتان، 23 ستمبر (اے پی پی): حکومت پنجاب کے کرپشن سے پاک پاکستان کے وژن کیمطابق ای ٹینڈرنگ نافذ، محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے ملتان کے سرکاری اداروں اور ٹھیکیداروں کی ای ٹینڈرنگ ٹریننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل نے کہا کہ ای ٹینڈرنگ کے ذریعے سرکاری وسائل کے ضیاع کی روک تھام ہوگی اور شفافیت اور میرٹ کی تکمیل میں مددگار ثابت ہوگی۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ کاروبار کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی وزیراعظم کا وژن ہے جبکہ کرپشن کا خاتمہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشن ہے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا 5 کروڑ سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے آن لائن ٹینڈر وصول کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا دوسرے مرحلے میں تمام ترقیاتی منصوبہ جات کی ٹینڈرنگ آن لائن کی جائے گی۔
تربیتی ورکشاب میں ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ رائے یاسر فرہاد بھی شریک ہوئے۔











