میڈیا آزاد ہے ، اصل مسئلہ فیک نیوز ہے ؛ وزیراعظم عمران خان

14

اسلام آباد،24ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو یہاں ڈیجیٹل میڈیا ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کیلئے ڈیجیٹل میڈیا انٹرن شپ کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اسلامی فلاحی ریاست بننے کے سفر پر گامزن ہے، حکومت نے معاشرے کے کمزور طبقات  اور عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے پروگرام متعارف کرائے، ہم چوری کرنے والوں کے احتساب کی بات کرتے ہیں اس لئے مخالفین  ہمارے خلاف شور مچا رہے ہیں، ہمیں آزاد عدلیہ اور میڈیا سے کوئی مسئلہ نہیں ، ماضی میں کسی حکومت نے میڈیا کو تنقید کی ایسی آزادی نہیں دی۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سچ پر قائم رہیں اور حقائق بیان کریں کیونکہ جھوٹ بولنے والے کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔ انہوں  نے کہا کہ صحافت میں کریڈیبلٹی کی بہت اہمیت ہے، فیک نیوز دینے والوں کی عزت نہیں رہتی، تنقید ہمیشہ سچ کی بنیاد پر ہونی چاہئے، ہمیں آزاد عدلیہ اور میڈیا سے کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ ہماری حکومت نہ قانون توڑتی ہے اور نہ کرپشن کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ چیلنج کرتے ہیں کہ میڈیا کو جتنی آزادی موجودہ حکومت کے دور میں حاصل ہے ماضی میں کسی حکومت نے میڈیا کو اتنی آزادی نہیں دی۔ تین سالوں کے دوران 70 فیصد پروگرام اور خبریں ہمارے خلاف دی گئیں، جتنے بہتان مجھ پر اور میرے وزراء پر لگائے گئے دنیا میں کسی جمہوری ملک میں ایسا نہیں ہوتا۔ انہوں نے اس سلسلے میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم کی نامزدگی کے حوالے سے تین اخبارات میں صفحہ اول پر شائع ہونے والی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر انگلینڈ میں کوئی اخبار اس طرح کی خبریں دیتا تو میں اس کے خلاف ملین ڈالرز کا مقدمہ جیت کر شوکت خاتم کو عطیہ کردیتا، پراپیگینڈا کے ذریعے وزیراعظم کی توہین کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے میڈیا کو ایسی آزادی دی جو اس سے پہلے انہیں کبھی حاصل نہیں تھی۔

 وزیراعظم نے کہا کہ سٹیٹ میڈیا کو ماضی میں پراپیگینڈا کیلئے استعمال کیا جاتا تھا اور حکمران ذرائع ابلاغ کو رشوت کے ذریعے کنٹرول کرتے تھے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سچ کو پروموٹ کریں اور ریاست کے مقاصد اور وژن کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ  ڈیجیٹل میڈیا میں نوجونوں کے لئے بڑے مواقع ہیں وہ نئے آئیڈیاز کے ساتھ آگے آئیں حکومت انہیں پوری طرح سپورٹ کریں۔