لاہور،24ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے خواتین کیلئے بلاسود اور کم شرح سود قرضوں کا اجراء کیا مگر 2 فیصد سے بھی کم خواتین نےاس سے استفادہ حاصل کیا ہے ۔
وہ جمعہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں ”خواتین کی ہراسگی” کے موضوع پر منعقدہ قومی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انہوں نے سٹیٹ بینک سمیت دیگر مالیاتی اداروں سے خواتین کو با اختیار بنانے اور قومی دھارے میں لانے کی غرض سے معاشی و اقتصادی طور پر مستحکم کرنے کے حوالے سے بات چیت کی تو اداروں کی طرف سے مجھے بتایا گیا کہ حکومت نے خواتین کو معاشی طور پر مضبوط اور با اختیار بنانے کیلئے آسان ترین شرائط پر قرضوں کے اجرا کا پروگرام باقاعدہ شروع کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے یہ سن کر بہت حیرانی ہوئی کہ حکومت کی جانب سے فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں مگر خواتین اس سے استفادہ کرنے کیلئے بینکوں یا متعلقہ اداروں کا رخ ہی نہیں کر رہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین اراکین اسمبلی سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ اس سلسلہ میں خواتین کی اصلاح کریں اور ان میں شعور اجاگر کریں کہ وہ حکومت کے کامیاب جوان پروگرام سے استفادہ کریں کیونکہ یہ پروگرام صرف مردوں کیلئے ہی نہیں بلکہ اس میں خواتین بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین ملک کی کل آبادی کا نصف ہیں اس لئے انہیں ہر شعبہ میں برابری اور مساوات کا حق حاصل ہے جبکہ حکومت صنفی امتیاز کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرتی ہے۔











