انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر دنیا کے نقطہ نظر میں یکساں برتائو کا فقدان ہے ؛ وزیراعظم عمران خان

24

اسلام آباد، 24 ستمبر (اے پی پی ): وزیراعظم عمران خان نے  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر  اپنے خطاب میں کہا ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر دنیا کے نقطہ نظر میں یکساں برتائو کا فقدان ہے ، دوہرے معیارات بھارت کے معاملے میں سب سے زیادہ واضح اور نمایاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ جغرافیائی و سیاسی عوامل یا کاروباری مفادات، تجارتی مفادات اکثر بڑی طاقتوں کو اپنے ”وابستہ” ممالک کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کرنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  بھارت میں  آر ایس ایس۔بی جے پی حکومت کو تمام تر آزادی کے ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اجازت دی جا رہی ہے۔ بھارتی بربریت کی تازہ ترین مثال عظیم کشمیری رہنما سیّد علی شاہ گیلانی کے جسد خاکی کو ان کے خاندان سے زبردستی چھیننا اور ان کی وصیت اور اسلامی روایت کے مطابق نماز جنازہ کی ادائیگی اور تدفین سے محروم کرنا ہے،کسی قانونی یا اخلاقی پابندی سے عاری یہ عمل انسانی شائستگی کی بنیادی اقدار کے بھی منافی ہے۔