سکھر،12اکتوبر(اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ و سابق مئیر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جشن عید میلاد النبیﷺ کے تمام انتظامات کا خودجائزہ لوں گا لہٰذا کسی قسم کی کوتاہی اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی میونسپل کارپوریشن کی تمام عمارتوں اور شہر کے اہم چوراہوں کو چراغاں کر کے خوب اچھی طرح سجایا جائے اور جشن عید میلاد النبیﷺ کے مرکزی جلوس کے راستوں پر قائم تجاوزات کو فوری ختم کرانے سمیت صفائی، اسٹریٹ لائٹ سمیت دیگرمسائل جلد حل کئے جائیں تاکہ جلوس کے شرکاءکو کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، علماءکرام انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں اور جہاں پر کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہو انتظامیہ کو فوری آگاہ کریں تاکہ ان مسائل سے چھٹکارا حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارسکھر ہاؤس میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے علماءکرام و مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں نامور مذہبی رہنما مفتی محمد ابراہیم قادری ، انجمن فدایان رسول کے حاجی عثمان فیضی ، اللہ وسایو اندھڑ ، محمد رضوان قادری سمیت دیگر علماءکرام ، ایڈمنسٹریٹر سکھر علی رضا انصاری ، میونسپل کمشنر سکھرمحمد علی شیخ اور بلدیہ اعلی سکھر کے مختف ڈپارٹمنٹ کے افسران و عملے نے شرکت کی ۔











