اوکاڑہ؛ محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام پناہ گاہ میں محفل میلاد مصطفی ﷺ کاانعقاد

57

اوکاڑہ،14اکتوبر(اے پی پی ):پنجاب حکومت کی طرف سے منائے جانے والےعشرہ شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی مناسبت سے محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام پناہ گاہ میں محفل میلاد مصطفی ﷺ کا اہتمام کیا گیا ،ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر اشتیاق احمدخاں، مینجرڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم ذوالفقار علی ناز، سماجی تنظیم ’ماڈا‘کے صدر محمد مظہررشید چودھری، میڈیکل سوشل ویلفیئر آفیسر مدیحہ گیلانی، انچارج دارلامان روبینہ شہزادی ودیگر نے شرکت کی ۔

قراءت ، حمد اور نعت رسول مقبول ﷺ کے ذریعے حاضرین کے دلوں کو منور کیا گیا ۔ مقررین نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان بیان کرنا باعث ثواب اوراعزاز ہے، آقائے دو عالم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم دوجہانوں کے لئے باعث رحمت بن کرآئے، ختم الرسل، صاحب الکتاب سردار الانبیاءحضرت محمد مصطفی ﷺ پوری دنیا کے لیے رہنما ہیں۔

محفل میں ملکی سلامتی وخوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، اختتام پر لنگر کا خصوصی اہتمام کیا گیاتھا۔