لاہور، 15 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت اوربحالی کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے مرکزی شاہراہوں کی تعمیر ومرمت کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔
اجلاس میں بلکسر، میانوالی، مظفر گڑھ 415 کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بلکسر تا میانوالی 129 کلومیٹر طویل اور میانوالی تا مظفر گڑھ 286 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر وبحالی اور توسیع کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میانوالی مظفر گڑھ روڈ کی تعمیر و توسیع سے عوام کو آمد ورفت میں آسانی ہو گی-
پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی-
صوبے بھر کی سڑکوں اور مرکزی شاہراہوں کی بتدریج تعمیر و مرمت اور توسیع کی جارہی ہے-
اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین، چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔











