فیصل آباد، 15 اکتوبر (اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس نے جمعہ کو فیصل آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ، کچہری میں سائلین کی شکایات سنیں اور موقع پرہی متعلقہ افسران کو داد رسی کیلئے احکامات جاری کئے۔
ڈی جی اینٹی کرپشن نے سائلین کی شکایات پر متعلقہ افسران سے بریفنگ لی اور داد رسی کیلئے موقع پرہی احکامات جاری کئے۔
اینٹی کرپشن ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 48سائلین نے ڈی جی اینٹی کرپشن کو اپنی شکایات کے مداوے کیلئے درخواستیں پیش کیں جن میں 18بزرگ شہری اور خواتین بھی شامل تھیں۔
اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں ڈی جی اینٹی کرپشن نے سائلین کو یقین دہانی کروائی کہ تمام کیسز کا فیصلہ میرٹ پر کیا جائے گا،کر پشن میں کسی بھی طرح ملوث افسران کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن کے افسران کو معینہ مدت میں کیسز کو فائنل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا پابند کیا جارہا ہے۔
ادارے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اصلاحات لائی جائیں گی اور افسران کی متعلقہ شعبوں میں جدید خطوط پر دو رحاضر کے وسائل کی بنیاد پر تربیت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ معاشرے اور خصوصاً سرکاری اداروں کو کرپش سے پاک کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اور وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیصل آباد واحد ارجمند ضیا اور دیگر افسران و عملہ کے افرادبھی موجود تھے۔











