گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرِ قیادت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد

24

لاہور، اکتوبر 27 (اے پی پی): یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے گورنر ہاؤس کی مرکزی بلڈنگ سے کورونا وال تک ریلی نکالی گئی۔

 ریلی میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، اراکینِ صوبائی اسمبلی، پارٹی عہدیداروں اور عوام کی کثیر تعداد نے  شرکت کی۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا، کشمیریوں کی حمایت سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ ہم کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم ان کے شانہ بشانہ ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، آزادی کی جنگ کی کامیابی تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت ریفرنڈم کیوں نہیں کروا لیتا، وہ جانتا ہے کہ کشمیری پاکستان کو ہی ووٹ دیں گے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ 74 سال پہلے آج ہی کے دن بھارت نے زبردستی کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اقوام عالم کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ ان کو کب ان کا حق خود ارادیت دلوایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا۔