کچن گارڈننگ سے زہر سے پاک سبزیوں کا حصول ممکن ہوگا؛ صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی

34

لاہور، 27 اکتوبر (اے پی پی):  صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ کچن گارڈننگ سے لوگوں کو اپنے استعمال کے لئے کیڑوں سے پاک اور غذائیت سے بھر پور سبزیوں کا حصول ممکن ہوگا۔ گھریلو باغبانی میں عوام کے درپیش معاشی اور حفظان صحت کے مسائل کا حل بھی موجود ہے۔

ان خیالات کا اظہار   انہوں نے    بدھ کو  یہاں  “کچن گارڈننگ اور سیڈ ڈسٹربیوشن”کے موضوع پرسیمینار سے خطاب میں  کیا، جس کا اہتمام فیکلٹی آف ایگری کلچر ل سائنسز پنجاب یونیورسٹی لاہورنے کیا تھا۔ اس موقع پر فیکلٹی آف ایگری کلچر ل سائنسز پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم حیدر اورچیف ایگزیکٹو آفیسر گرین سرکل پاکستان ساجد اقبال سندھو، چیئرمین /فونڈر ایگری ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پاکستان ڈاکٹر طارق تنویر کے علاوہ طالب علموں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

 صوبائی وزیر سید حسین جہانیاں گردیزی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کاٹیج انڈسٹری تاریخی لحاظ سے کچن گارڈننگ سے مماثلت رکھتی ہے۔ گھریلو باغبانی کے تحت لوگ اپنے گھر کی کھلی جگہوں، گملوں اور برتنوں میں سبزیاں اگا سکتے ہیں جس سے صاف پانی سے تیار کردہ سبزیاں میسر آئیں گی، لوگ اس طریقہ کار کے تحت چائے کی استعمال شدہ پتی اور سبزیوں کے چھلکوں کو بہترین کھاد کے طور پر استعمال میں  لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچن کی ویسٹ کو گھریلو باغبانی کے لئے زیر استعمال لا کر آرگینک رسائیکلنگ کا عمل بھی مکمل ہوجائے گا۔