رحمتہ اللعالمین ﷺاتھارٹی اخلاقیات کی قومی سطح پر بہتری کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے؛ وزیراعظم عمران خان 

16

اسلام آباد،28اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رحمتہ اللعالمین  اتھارٹی اخلاقیات کی قومی سطح پر بہتری کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے، اتھارٹی فرقہ وارانہ تقسیم کو ختم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو رحمتہ اللعالمین  اتھارٹی پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء پیر نور الحق قادری، شفقت محمود، ڈاکٹر انیس احمد، صاحبزادہ سلطان احمد علی اور پروفیسر اعجاز اکرم نے شرکت کی۔ اجلاس کو رحمتہ اللعالمین اتھارٹی پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

 وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اتھارٹی کا آرڈیننس جاری ہو چکا ہے، 6 ممبران پر مشتمل بورڈ کی صدارت وزیرِ اعظم خود کریں گے، بورڈ ممبران میں مقامی اور بین الاقوامی سطح کے محققین شامل ہوں گے، اتھارٹی نوجوانوں کو بڑھتی ہوئی معاشرتی اور اخلاقی برائیوں جیسے کہ منشیات کے استعمال  سے روکنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کی بقاء اخلاقی اقدار کو مضبوط کرنے میں ہے، اخلاقی اقدار کی بہتری کیلئے نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ ﷺی   این ایس، اسلام آباد

رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحمتہ اللعالمین  اتھارٹی اخلاقیات کی قومی سطح پر بہتری کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے، اتھارٹی سکول، کالج، یونیورسٹی، میڈیا اور بین الاقوامی سطح پر تحقیق کے ذریعے سیرت طیبہﷺ  کے پہلوؤں کے عملی زندگی میں اطلاق کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نشری مواد جیسے کہ ڈرامے، کارٹون اور فلمیں بنائی جائیں گی جن کا مقصد اپنے کلچر اور تاریخ کے بارے میں نوجوان نسل کو آگاہی دینا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیرت طیبہﷺ پر ملک میں بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے، اتھارٹی کا مقصد اس کام میں ربط پیدا کرکے مقامی اور بین الاقوامی کاوشوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنا ہے، اتھارٹی فرقہ وارانہ تقسیم کو ختم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ممبران کی تقرری میں میرٹ کا خاص خیال رکھا جائے اور   اسلامی خاندانی نظام اور اس کے معاشرے پر مثبت اثرات پر بھی تحقیق ہونی چاہئے۔