دس ارب ڈالر قرض واپس کر دیا، مزید بارہ ارب ڈالر واپس کرنے والے ہیں؛وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

18

اسلام آباد،28اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے بھاری قرضے حاصل کئے، اداروں کا بیڑہ غرق کیا، ماضی میں لئے گئے قرضوں کی ادائیگی اور عالمی سطح پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے آج عام آدمی مہنگائی جیسی مشکل صورتحال سے دوچار ہے، تنخواہ دار طبقہ مہنگائی سے زیادہ متاثر ہے، پچھلے سال ہم نے 10 ارب ڈالر قرضہ واپس کیا، اس سال 12 ارب ڈالر قرضہ واپس کرنا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین (مشعل) کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ 1947ءسے 2008ءتک پاکستان کا کل قرضہ 6 ہزار ارب روپے تھا، اس میں ہم نے موٹر وے بنائی، گوادر خریدا، اپنی فوج کو مضبوط کیا، ادارے بنائے۔ انہوں نے کہا کہ 2008ءمیں جب زرداری صدر بنے اور 2018میں ن لیگ کی حکومت اقتدار چھوڑ کر گئی تو ہمارا قرضہ 23 ہزار ارب روپے تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے 10 ارب ڈالر قرضہ واپس کیا، اس سال 12 ارب ڈالر واپس کرنا ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اگر قرض زیادہ ہو، اخراجات زیادہ ہوں تو گھر تکلیف میں ہوگا، اسی طرح ملک پر قرض زیادہ ہو اور اخراجات زیادہ ہوں تو ملک غریب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس ہم نے 10 ارب ڈالر واپس کیا، اس سال 12 ارب ڈالر واپس کریں گے تو عوام کے لئے کیا بچے گا۔ اس تمام صورتحال کی ذمہ داری پچھلی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے اداروں کا بیڑا غرق کیا۔