بریسٹ کینسر پاکستان  سمیت ساری  دنیا   کیلئے انتہائی  خطرناک  مسئلہ  ہے ؛ خاتون اول بیگم ثمینہ علوی

19

 لاہور، 29 اکتوبر (اے پی پی): خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ  بریسٹ کینسر کے حوالے سے شعور کو اجاگر کرنے کیلئے مہم کا دائرہ کار اب دور دراز علاقوں تک بڑھانے جارہے ہیں ،بریسٹ کینسر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھرمیں خطرے کا نشان بن چکا ہے۔

 وہ جمعہ کے روز پنجاب یونیورسٹی لاہور میں بریسٹ کینسر آگاہی سیمینار سے خطاب کررہی تھیں ۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ   پاکستان میں آگاہی نہ ہونے اور خواتین میں شرم و حیا کا عنصر پائے جانے کی وجہ سے بریسٹ کینسر کی  شرح اموات دیگر ملکوں کی نسبت زیادہ ہے ،خواتین کو چاہئے کہ وہ ہرماہ اپنا خود معائنہ کریں اور اگر جسم میں کوئی تبدیلی محسوس ہو تو فوری طور پر میمو گرافی کرائی جائے۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت پاکستان میں اس بیماری کی آگاہی کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے ،پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے جہاں  صحت کی سہولیات بھی بہت بہتر نہ ہیں جبکہ شوکت خانم،کینسر کئیر ہسپتال ،الشفا انٹر نیشنل جیسے بڑے ادارے آرمڈ فورسز ہسپتال اور بڑے سرکاری ہسپتال بھی اس بیماری کیخلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں ۔

ثمینہ علوی نے کہاکہ اس بیماری کی آگاہی کیلئے اب وہ ملک کے دور دراز دیہی علاقوں میں بھی جائیں گے تاکہ ہر گھر میں اس بیماری کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے ، پن ربن لگانے سے بیماری نہیں جاتی بلکہ اس سے آگاہی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بیماری اب نوجوان لڑکیوں کو بھی ہورہی ہے جو ایک خطرناک صورت حال ہے ،جبکہ یہ بیماری اب مردوں میں بھی ظاہر ہورہی ہے جو کہ خواتین کے مقابلے میں بہت تکلیف دہ ہے۔