امن وامان کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پولیس کو جدید خطوط پر استوار کریں گے؛ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

22

کوئٹہ، 03 نومبر ( اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا  ہے کہ امن ترقی کیلئے ناگزیر ہے،امن وامان کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پولیس کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں قبائلی ماحول ہے اور ہم نے اس ماحول اور روایات کے مطابق اقدامات کرنے ہوں گے۔

ان خیالات کا  اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو  نے امن وامان کی صورتحال  سے متعلق  اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس کی جانب سے امن وامان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے خاتمے کے اقدامات سمیت متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ           سیکورٹی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے، چیک پوسٹوں پر چیکنگ کے حوالے سے عوام کے تحفظات ہیں جنہیں دور کرنا ہوگا، چیکنگ کے تناظر میں ایسا طریقہ کار اپنایا جائے کہ کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ        عوام میں یہ تاثر اجاگر کرنا ہوگا کہ یہ فورسز آپ کی ہیں اور آپ ہی کی حفاظت کیلئے ہیں،ہمیں عوام کی عزت و احترام کو ہر صورت مقدم رکھنا ہوگا،سیکورٹی فورسز عوام کی جان ومال اور ان کے روزگار کو تحفظ دیں۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سیاسی قیادت اور سیکورٹی فورسز مل کر امن کے قیام کے اہداف حاصل کریں گی۔       کوسٹ گارڈ، پولیس، لیویز، ایف سی اور کسٹم چیک پوسٹوں کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں جس میں عوام کی عزت نفس کا تحفظ یقینی ہو۔ انہوں نے کہا کہ  بلوچستان ایک حساس صوبہ ہے ملک دشمن قوتیں امن خراب کرنے کے موقع کی تلاش میں رہتی ہیں، بیروزگاری اور دیگر کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر ملک دشمن قوتیں مقامی لوگوں کو استعمال کرسکتی ہیں۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سیکورٹی ادارے عوام کو عزت دیں عوام انہیں عزت دیں گے۔ امن کے قیام کیلئے سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں ہیں جنہیں عوام میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ  سرحدی علاقوں میں روزگار کے مواقعوں کی فراہمی اور نرمی سے دہشتگردی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ  نے  ہدایت کی کہ  آئین اور قانون کی عملداری اور حکومتی رٹ کو برقرار رکھنے کیلئے موثرا قدامات کئے جائیں۔