عوامی ، تجارتی  ا ور عسکری   تعاون سے   قازقستان   اور پاکستا ن کے  مابین  تاریخی  برادرانہ  تعلقات  مزید مضبوط ہوں گے؛ سفیر قازقستان یرزہان کستافن

59

لاہور،4نومبر(اے پی پی): سفیر قازقستان یرزہان کستافن  نے کہا ہے کہ عوامی ، تجارتی  ا ور عسکری   تعاون سے   قازقستان   اور پاکستا ن کے  مابین  تاریخی  برادرانہ  تعلقات  مزید مضبوط ہوں گے۔

 گزشتہ چند روز سے لاہور میں موجود قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن  نے  اے پی پی  سے گفتگو میں   کہا کہ   پاکستان اور قازقستان کے مابین دو طرفہ برادرانہ تعلقات ہیں جنھیں باہمی تجارت کے ذریعے مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے علاوہ ازیں خطے کا دیرپا امن بھی  تجارت کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بطور سفیر پہلی تعیناتی ہے پاکستانی لوگ بہت مہمان نواز ہیں اور لاہور بہت خوبصورت ہے اس سے قبل پشاور اور کراچی کا بھی دورہ کر چکا ہوں  تجارت کے ساتھ قازقستان اور پاکستان کے مابین عوامی سطح پر قریبی تعلقات بھی بے حد اہم ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ زراعت آئی ٹی اور فارماسیوٹیکل کے میدان میں دونوں ممالک کے مابین تعاون تعلقات کی مضبوطی کا باعث بنیں گے پاکستان ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے قازقستان کے لئے تجارتی فروغ میں گرم پانیوں اور کھلے سمندر کی بہت اہمیت ہے قازقستان سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈکا اہم حصہ ہے۔

  ایک سوال کے جواب میں قازقستانی سفیر یرزہان کستافن نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے پاکستان اور قازقستان کے درمیان عسکری تعلقات بھی بہت اہم ہیں افغانستان میں دیرپا امن سے خطے میں خوشحالی آئے گی افغانستان میں امن قائم کرنا خطے کے تمام اہم ممالک کی ذمہ داری ہے۔