ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں؛ ڈی سی  بہاولنگر

36

بہاولنگر، 10 نومبر ( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن  (ر)محمد وسیم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس   منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ضلع بھر میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2021-22ء کے تحت 133ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے جن کا تخمینہ لاگت 24009ملین روپے سے زائد ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت 80نئی ترقیاتی سکیموں پر جلد کام شروع کیا جارہا ہے جن کا تخمینہ لاگت 7994ملین روپے سے زائد ہے۔اسی طرح 49  ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے جن کا تخمینہ لاگت 15939ملین روپے سے زائد ہے۔

 ڈپٹی کمشنر  نے تعمیراتی محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیمیں اعلیٰ معیار کے ساتھ بروقت مکمل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی محکموں کے افسران فیلڈ میں جا کر ترقیاتی کاموں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریں اور تمام ترقیاتی منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ میعاد میں  مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں سستی اور غفلت نہ برتی جائے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول پروگرام-4 کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی جنکا تخمینہ لاگت 350 ملین روپے ہے۔ واپڈا کی 212 سکیموں,پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی 3 سکیمیں اور بیوٹیفکیشن آف پارک چشتیاں کے منصوبہ کی منظوری دی گئی جس کا تخمینہ لاگت 41 ملین روپے سے زائد ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیمیں جلد مکمل کی جائیں۔