چنیوٹ؛ وزیر اعظم  زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت لیزر لینڈ لیولرز کی تقریب قرعہ اندازی منعقد

46

چنیوٹ،10 نومبر (اے پی پی): وزیر اعظم پاکستان زرعی ایمرجنسی پروگرام (NPIW-II) کے تحت محکمہ واٹر مینجمنٹ چنیوٹ کے زیر اہتمام لیزر لینڈ لیولرز کی تقریب قرعہ اندازی قائد اعظم اکیڈمی میں منعقد ہوئی، جسکے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید تھے۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے کاشتکاروں کو ایک کروڑ 75 لاکھ کی سبسڈی پر 70 لیزر لینڈ لیولر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے  کہا کہ حکومت کاشتکاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے انقلابی اصلاحات پر عمل پیرا ہے، چنیوٹ میں وزیر اعظم  زرعی ایمرجنسی پروگرام (NPIW-II) کے تحت لیزر لینڈ لیولرز کی تقسیم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے  کہا کہ  جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیداوار میں اضافہ ہوگا،سبز انقلاب ہی ارض وطن کو معاشی بحرانوں سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

ڈپٹی ڈائریکٹراصلاح آبپاشی نے بتایا کہ لیزرلینڈ لیولر کی فراہمی کے لئے کاشتکاروں کی اہل تعداد 187 درخواستیں قرعہ اندازی میں شامل کی گئی جن میں قرعہ اندازی کے ذریعے تحصیل چنیوٹ میں 23،تحصیل لالیاں میں 24اورتحصیل بھوانہ 23 کوخوش نصیبوں کو لیزر لینڈ لیولرزدیے گئے۔

ضلعی صدر پی ٹی آئی میاں شوکت تھیم اور مہر احسن لالی نے بھی بطور مہمان شرکت کی،تقریب میں ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ ڈاکٹر محمد آصف،ڈپٹی ڈائریکٹر اصلاح آبپاشی شیخ حامد اللہ شریف، قاضی افتخار الحسن اسسٹنٹ ایگری کلچر انجینئر چنیوٹ اور فیلڈ افسران سمیت منتخب شدہ کاشتکار بھی شریک تھے،ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے لیزر لینڈ لیولرز کی قرعہ اندازی کی اور خوش نصیب کاشتکاروں کو مبارکباد دی۔