جنوبی پنجاب کے11 اضلاع میں404 نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے ,ایڈیشنل چیف سیکرٹری

16

ملتان۔10نومبر  (اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن( ر )ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے11 اضلاع میں404 نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ 190 جاری منصوبے بھی تکمیل کی طرف گامزن ہیں جن پر53 ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جنوبی پنجاب کے11 اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کےلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میںجنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز، ملتان،بہاولپور اور ڈی جی خان کے کمشنرز اور ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈنیشن رانا رضوان قدیر نے اجلاس میں شرکت کی۔سیکرٹری پی اینڈ ڈی جنوبی پنجاب شعیب اقبال سید نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ کیپٹن( ر )ثاقب ظفر نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کا حکم دیا اور افسران کو سکیموں پر کام کی کوالٹی چیک کرنے کے لئے فیلڈ وزٹ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس ملتان پر9ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ اس منصوبے کے لئے 1ارب65 کروڑ روہے مختص کردئے گئے۔اسی طرح نیو ڈسٹرکٹ جیل ملتان کی تعمیر کے لئے 17کروڑ روپے جاری کردئے گئے ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ زیر التوا ترقیاتی پراجیکٹس کی فوری منظوری لی جائے۔ اس موقع پرسیکرٹری پی اینڈ ڈی جنوبی پنجاب شعیب اقبال سید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان ڈویژن میں47،بہاولپور68 اور ڈی جی خان ڈویژن میں75نئے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ 399 نئے ترقیاتی منصوبوں کے ورک آرڈر جاری کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں2171 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے،ان ترقیاتی منصوبوں پر اوسطا”26 فیصد فنڈز خرچ کئے جا چکے ہیں۔