کوئٹہ،11نومبر(اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کا وسیع و عریض رقبہ، طویل ساحلی پٹی اور معدنی شعبہ میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں جن سے یقیناً استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ہماری کوشش ہے کہ صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دیتے ہوئے سرمایہ کاروں کو پرامن اور دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے تاکہ صوبہ معاشی طور پر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو سکے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رڈز کارپوریشن اینڈ فن لینڈ پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین ویلی ایرولہ سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے ان سے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، رکن صوبائی اسمبلی سردار مسعود خان لونی، فننش ایجوکیشن گلوبل سولیوشنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اینٹی کیسکینن ، چیئرمین کمیشن برائے کوسٹل ڈویلپمنٹ شہریار خان نیازی، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید احمد سرپراہ اور سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی روشن علی شیخ بھی موجود تھے۔











