احساس کے نام پر ڈیجیٹل و سائبر فراڈ کی روک تھام کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل،سیکیورٹی ایجنسیوں، پی ٹی اے اور احساس کے افسران شریک ہوں گے

22

اسلام آباد،12نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت  سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشترکی  زیر صدارت احساس کے نام پر ڈیجیٹل وسائبر فراڈ کی روک تھام کےلئے مشاورتی اجلاس  جمعہ کو یہاں وزیراعظم سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔  اجلاس میں احساس کے نام پر ڈیجیٹل و سائبر فراڈ کی روک تھام کیلئے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا۔مشترکہ ورکنگ گروپ میں سیکیورٹی ایجنسیوں، پی ٹی اے اور احساس کے افسران شریک ہوں گے۔ ورکنگ گروپ احساس کے پروگراموں کے تناظر میں ڈیجیٹل و سائبر فراڈ کا تفصیلی جائزہ لے گا، جائزے کی روشنی میں گروپ مسئلے کے سدباب کے لئے  سفارشات مرتب کرے گا۔

اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ احساس کے نام پرعوام کو لوٹنے والے بدعنوان عناصرکے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور دھوکہ باز عناصرکو کیفر کردار تک پہنچانے کےلئے احساس تمام متعلقہ اداروں کےساتھ مل کر کام کرے گا، احساس ورکنگ گروپ کا ہفتہ وار اجلاس ڈاکٹر ثانیہ کی سربراہی میں منعقد ہواکرے گا۔

 مشاورتی اجلاس میں سکیورٹی ایجنسیوں، پی ٹی اے، ٹیلی کام کمپنیوں اور احساس ٹیکنالوجی ٹیم کے اعلیٰ حکام ،پی ٹی اے چئیرمین میجر جنرل ریٹائرڈ عامر عظیم باجوہ،احساس سے سیکرٹری عصمت طاہرہ اور ڈی جی میر انور بھی   نے  بھی شرکت کی۔