لاہور، 13 نومبر (اے پی پی ): کمشنر لاہور کیپٹن( ر) محمد عثمان کی زیر صدارت انسداد سموگ کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں صحت عامہ کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے اینٹی سموگ ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ہر اینٹی سموگ اسکواڈ کا پولیس،انوائرنمنٹ انسپیکٹر،واسا اور ایم سی ایل انڈسٹریز وغیرہ حصہ ہونگے ،ہر اسکواڈ روزانہ 12اور ایک ماہ میں 60 صنعتی یونٹس کو چیک کرےگا۔
اس موقع پر کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے کہا کہ دھواں چھوڑے والی گاڑیوں کےخلاف ایکشنز لینے کیلئے 2 ٹیموں بھی تشکیل دی گئی ہیں، زگ زیگ پر منتقل بھٹوں اور تمام فیکٹریز کی ازسر نو چیکنگ کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اینٹی سموگ اسکواڈ بوائلرز و فرنیسز استعمال کرنیوالی شہر کی تمام 305 انڈسٹریز کو بھی چیک کرے گا،اینٹی سموگ سکواڈ انوائرنمنٹ رولز کی پاسداری کرے گا جبکہ غلط ایکشن پر اسکواڈ کے خلاف بھی محکمانہ سخت کارروائی ہوگی جبکہ سیل کئے گئے یونٹس کی بلا اجازت سیلنگ توڑنے والے مالکان اور افراد کے خلاف بھی سخت ترین ایکشن کر کے انتظامیہ کی رٹ قائم کی جائے گی۔
اجلاس میں ڈی سی لاہور سمیت پولیس، ماحولیات ،ایل ڈبلیو ایم سی، واسا ،لیسکو، ایم سی ایل و دیگر محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی ۔











