اوکاڑہ،13نومبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ انسداد خسرہ روبیلا مہم کا کامیاب ہونا ایک صحت مند معاشرہ کے قیام کی جانب سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، ہم نے ماضی قریب میں انسداد کرونا کے لئے جس محنت اور لگن سے کام کیا ہے اللہ کے فضل و کرم سے انسداد خسرہ روبیلا کے لئے بھی اسی دلجمعی اور محنت سے کام کیا جائے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سٹی میں انسداد خسرہ روبیلا مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ 15 نومبر سے شروع ہو نے والی اس مہم میں ضلع اوکاڑہ کے 9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے 12 لاکھ 64 ہزار بچوں کو انسداد خسرہ روبیلا ویکسیئن کے انجیکشن لگائے جائیں گے جبکہ 5 سال سے کم عمر کے 5 لاکھ 18 ہزار بچوں کو انسداد پولیو ویکسیئن کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ ملکی سطح پر ہونے والی یہ مہم انتہائی اہم ہے اس مہم کو سو فیصد کامیاب بنانا ازحد ضروری ہے، اس کام میں محنت کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم ضرور کامیاب ہونگے ،ہم نے جس طرح کورونا ویکسیین کے لئے کام کیا ہے ،اس سے بڑھ کر کام کرنا ہے یہ لوگوں کی خدمت کا کام ہے۔ اس مہم کی کامیابی کے لئے والدین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے، اس ویکسیئن کو تربیت یافتہ عملہ ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جا رہا ہے اس کی کول چین کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف اپنی ذمہ داری کو پورا کرنا ہے بلکہ دوسرے اداروں کی بھی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کی کامیابی کے لئے میں انفرادی اور اجتماعی طور پراپنا کرداراداکرنا ہے ۔
افتتاحی تقریب میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبد المجید ڈسٹر کٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سجاد گیلانی ، یونیسف کے کنسلٹنٹس ڈاکٹر جاوید گو رایہ ، ڈاکٹر اشرف جاوید، ڈاکٹر فتح شیر سپرا، احمد سروش سمیت متعلقہ محکموں کے افسران سیاسی و سماجی کارکنان ،سول سو سائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔











