اسلام آباد، 13 نومبر (اے پی پی ): بچوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ تعلیم دینے کیلئے سرگرم سماجی تنظیم نے ہراسیت کیخلاف ” اب بس ” مہم لانچ کر دی ۔” اب بس ” مہم کی لانچنگ تقریب ہفتہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں منعقد ہو ئی جس میں ادبی ، ماہر نفسیات ،وکلاء و دیگر شعبہ جات میں اہم عہدوں پر فائز شخصیات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔اس موقع پر مہم کے حوالے سے بنائی گئی خصوصی ویڈیو لانچ کی گئی اور خاکے پیش کیے گئے جن میں ہراسیت کیخلاف آواز اٹھانے کی ترغیب دی گئی ۔
مقرررین نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ صرف خواتین ہی معاشرے میں ہراساں نہیں کی جاتی بلکہ اس میں بچے ، ہجڑے اور مرد حضرات کو بھی ہراسیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ہمارا مشن ہے کہ ہم اس ظلم کیخلاف آواز اٹھائیں ، مکمل آگاہی پیدار کریں کہ ہراسیت کے معنی کیا ہیں اور کن چیزوں کو ہمیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے اورہمیں اگلا قدم کیا اٹھانا ہے ۔
اس موقع پر ریم شریف جو کہ وزارت برائے انسانی حقوق میں خواجہ سراؤں کی ایکسپرٹ کے طور پر کام کر رہی ہیں کا کہنا تھا کہ ہراسیت کے موضوع پر بات کرنا بہت ضروری ہے، ہراسیت ایسا عنصر ہے جو ہمارے معاشرے کا اب حصہ بن چکا ہے اور اس مسئلے کا حل نکالنا اور اس پر بات کرنا بہت ضروری ہے ۔











