ملتان، 18 نومبر (اے پی پی ): حکومت پنجاب کی جانب سے صحت کی سہولیات کی موثر مانیٹرنگ کا آغاز،کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمدنے ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کے ہمراہ برن یونٹ کا دورہ کیا اور صحت کی سہولیات اور مخلتف وارڈز کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر کمشنر نے ہسپتال بلڈنگ کی تعمیر و مرمت کے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ برن یونٹ میں مکمل میڈیکل فیکلٹی اور پیرا میڈیکل سٹاف موجود ہے ، پلاسٹک سرجری اور برن کا مکمل علاج و معالجہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل سکن سمیت تمام سرجریاں کی جارہی ہیں ، برن یونٹ اس خطے کے ہزاروں مریضوں کو ریلیف فراہم کررہا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا انتظامیہ نے ہسپتالوں میں سہولیات کی سخت مانیٹرنگ شروع کی ہے، آتشزدگی کے واقعات روکنے کیلئے ایل پی جی مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرینگے اور برن یونٹ میں سائیکالوجی بحالی سنٹر کو فعال کرنے کے اقدامات بھی کرینگے۔











