حکومت نے  الیکٹرانک ووٹنگ کیلئے  قانون سازی کی  ہے ،  مشین الیکشن کمیشن کی مرضی ہو  گی ؛ وفاقی وزیرسینیٹر شبلی فراز

27

اسلام آباد،18نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ 2023 کے انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے کرانے کے لیے قانون سازی کرلی ہے، مشین الیکشن کمیشن کی مرضی ہو  گی،  الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔

وہ جمعرات کو یہاں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمیشہ انتخابات متنازعہ رہے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے اپوزیشن سے کہا کہ حکومت سے تعاون کرے، ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف اور قابل اعتبار الیکشن کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کی گئی جسے ہیک نہیں کیا جاسکتا، انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے جمہوریت کو فائدہ ہوگا۔

سید شبلی فراز نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے معیاری الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کی ہے جوالیکشن کمیشن کے معیار کے مطابق بنائی گئی ہے، حکومت کی خواہش ہے کہ انتخابات کو قابل اعتبار بنایا جائے۔ انہوں  نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان صاف اور شفاف انتخابات پر یقین رکھتے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ملک کی انتخابی تاریخ بدل جائے گی۔