حضرو ۔19نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ عمران خان نے 90لاکھ پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر بیرون ملک پاکستانیوں کیساتھ محبتوں کا ثبوت دیا ہے، شجاع شہید ایسوسی ایٹ کالج حضرو میں جلد اساتذہ کی تعیناتی کی جائے گی اس حوالے سے وزیر تعلیم سے بات ہو چکی ہے ،وزیر اعظم عمران خان ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے کوشاں ہیں، ملکی دولت لوٹنے والے ملک پر اربوں روپے قرضہ چڑھانے کے بعد بیرون ملک آرام کی زندگی گزار رہے ہیں، چھچھ میں 45واٹر فلٹریشن پلانٹس کے علاوہ نکاسی آب کے نظام کی بہتری کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، گلاسیکو میں ہونیوالی دنیا کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں دنیا کے 140سے زیادہ ممالک کے وزراء اعظم اور صدور نے شرکت کی ان میں سے زیادہ تر ممالک کے سربراہان نے پاکستان کی ماحولیاتی پالیسیوں کو سراہا اور عمران خان کو خراج تحسین پیش کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعوان آباد میں 50لاکھ روپے کی تعمیر ہونیوالے جناز گاہ کی افتتاحی تقریب کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جناز گاہ اور قبرستان کیلئے زمین جنرل کونسلر حاجی عبد القدوس نے عطیہ کی تقریب کا اہتمام حاجی قمر ،وائس چیئرمین ملک ممتاز ،حاجی عبد القدوس ،ملک رمیض ،حافظ سعید ،عامر عتیق نے کیا تھا ۔اس موقع پر کوارڈینٹر فلٹریشن پلانٹ ڈاکٹر جاوید ،تحصیل صدر اشفاق خان ،ملک سیف الرحمن ،ملک اظہر ،ڈاکٹر شعیب حمیدی ،ملک اکمل شفیق ،ملک علی اضغر ،الطاف خان لودھی ،احسان شعیب کے علاوہ کثیر تعداد میں معززین علاقہ موجود تھے۔ قبل ازیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے 50لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے جناز گاہ کا افتتاح کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں مہنگائی ہے ،پٹرول کی قیمتیں دنیا بھر میں زیادہ ہیں لیکن وزیر اعظم پاکستان نے پٹرول پر ٹیکس زیرو کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ این اے 55کے علاقوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہوں حاجی شاہ کیلئے ڈھائی کروڑ روپے کی منظوری ہو چکی ہے جبکہ لنڈی کیلئے بھی نکاسی آب کے نظام کی بہتری کیلئے گرانٹ منظور کرائی جائے گی۔











