لاہور، 25 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے 120ارب روپے سے احساس راشن پروگرام شروع کیا ہے جس سے 2کروڑ خاندان مستفید ہونگے۔
وہ جمعرات کے روز 90شاہراہ ایوان وزیر اعلیٰ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ احساس راشن پروگرام میں 3اشیائے خورد و نوش دالیں،تیل گھی اور آٹے پر 30فیصد 1000 روپے کی سبسڈی دی جائے گی،یہ وفاق، کے پی کے، پنجاب گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کا پارٹنرشپ پروگرام ہے۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ مستحق افراد اور کریانہ سٹور مالکان کی الگ الگ رجسٹریشن کر رہے ہیں،پروگرام لانچ ہو چکا ہے، اب اس کی رجسٹریشن چل رہی ہے جبکہ 15 دسمبر سے لوگ اس سے مستفید ہونا شروع ہو جائیں گے،انٹرنیشنل ڈونرز کا اس پروگرام میں کوئی فنڈ شامل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں 65 فیصد صوبائی حکومتوں اور 35 فیصد وفاقی حکومت کا فنڈ شامل ہو گا،ابھی تک اتنا بڑا پرسگرام دنیا میں نہیں آیا،مستقبل میں ہو سکتا ہے، یہ سبسڈی پیٹرول یا دوسری چیزوں پر بھی تین کی بجائے چھ چیزوں پر ہوگی۔