صوبے کے تمام اضلاع کے سکولوں میں 6 ارب روپے کی لاگت سے فرنیچر دیا جا رہا ہے ، شاہرام ترکئی

52

پشاور۔13دسمبر  (اے پی پی):صوبائی وزیر تعلیم شاہرام ترکئی نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع کے سکولوں میں 6 ارب روپے کی لاگت سے تقریبا 26 لاکھ بچوں کو فرنیچر دیا جا رہا ہے اور اب کوئی بچہ ٹاٹ پر نہیں بیٹھے گا۔  پیر کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی مشتہر آسامیوں کو شامل کرکے اس تین سالہ دور میں تقریبا 64 ہزار اساتذہ بھرتی کریں گے، اب ہر سکول اور ہر کلاس میں اساتذہ اور تمام سہولیات ہوں گی۔ شہرام ترکئی نے کہا کہ صوبے کے 1123 سکولوں میں سیکنڈ شفٹ سکول پروگرام کا آغاز کردیا ہے ، اس سے وہ بچے مستفید ہونگے جو سکولوں سے باہر ہیں۔  انھوں نے کہا کہ امسال داخلہ مہم کے نتیجے میں 9 لاکھ 65 ہزار بچوں کو سکولوں میں داخلہ دیا گیا ہے، سیکنڈ شفٹ سکولز میں پیرنٹس ٹیچرز کونسل کے ذریعے بھر تیاں کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں اب تمام ٹرانسفرز آن لائن میرٹ پر ہو رہی ہیں،صوبے کے سرکاری سکولوں میں امسال 4 ہزار 6 سو کچی کلاس روم بھی بنائے جارہے ہیں، ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ ہے اور تقریبا تین لاکھ بچوں کو اسی سال ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن پروگرام میں تربیت دیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ خواتین کی تعلیم میں بہتری کے لیے لیے 3500 گرلز کمیونٹی سکولوں میں تقریبا ً ایک لاکھ بچیوں کو داخلہ دیا ہے،امیر اور غریب کے بچوں کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لئے صوبہ بھر میں سنگل نیشنل کریکولم شروع کیا ہے جبکہ  صوبے کے سات ہزار بچوں کو میرٹ پر رحمت اللعالمین اسکالرشپ دے بھی رہے ہیں۔  انھوں نے کہا کہ  بچیوں کی تعلیم میں بہتری کے لیے پورے صوبے میں گرلز سٹیپنڈ پروگرام جاری ہے ،تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے لیے صوبے کے تمام سکولوں میں بچوں کی ویکسینیشن کا عمل بھی جاری ہے۔  انھوں نے کہا کہ اس سال چھٹیاں کم سے کم ہوں گی  اور 23 دسمبر سے ایک ہفتے کیلئے میدانی علاقوں میں چھٹیاں دیں گے۔   انھوں نے کہا کہ اساتذہ کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں ہیں، تمام ایڈہاک اساتذہ کو طریقہ کار کے مطابق ریگولر کرائیں گے، نئے ضم اضلاع پر خصوصی توجہ ہے، ان اضلاع میں تین ہزار اساتذہ بھرتی کیے ہیں اور مزید بھی بھرتی کریں گے۔