پشاور، 23 دسمبر (اے پی پی): گورنر ہاؤس پشاور میں آج مسیحی برادری کے زیر اہتمام کرسمس کی تقریب کا انعقاد کیا گیاجسمیں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان مہمان خصوصی تھے۔
اس موقع پر گورنر شاہ فرمان نے مسیحی برادری کے رہنماؤں کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور صوبائی وزیر اعلٰی تعلیم کامران بنگش کے ہمراہ مسیحی برادری کو کرسمَس کی مبارکباد پیش کی۔تقریب میں قومی ترانہ، اور کرسمس کے حوالے سے مسیحی برادری کی خصوصی دعا اور کرسمس گانا بھی سنایا گیا۔
تقریب سے خطاب میں گورنر شاہ فرمان نے کہا کہ پاکستان میں موجود تمام اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت مکمل حقوق حاصل ہیں۔ صوبہ میں دہشتگردی سمیت تمام مشکل حالات کے باوجود مسلمانوں اور مسیحی برادری کے درمیان مثالی تعلقات قائم ہیں
صوبائی وزیر اعلٰی تعلیم کامران بنگش نے بھی حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تمام اقلیتوں کو مذہبی رسومات و عبادات کی ادائیگی میں مکمل تحفظ و آزادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کیلئے امن کی آماجگاہ ہے،اور یہاں مقیم تمام مذاہب کے افراد کا مشترکہ مقصد پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے
مسیحی اکابرین نے بھی پاکستان میں تمام اقلیتوں بالخصوص مسیحی برادری کے مذہبی و شخصی آزادی پر موجودہ حکومتی قیادت کے اقدامات کو سراہا۔
صوبائی وزیر اعلٰی تعلیم کامران بنگش، اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی ولسن وزیر، بشپ سرفراز پیٹر ہمفرے اور مسیحی برادری کے مرد و خواتین نے تقریب میں شرکت کی۔
ریحانہ











