لاہور 23 دسمبر ( اے پی پی ) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مریم نواز خیبر پختونخوا میں اپنی شکست کا جشن منا رہی ہیں،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں صفایا ہو گیا ہے،مریم نواز کو اپنے کارکنوں کے پاس جا کر انہیں حوصلہ دینا چاہئے تھا،نواز شریف اور زرداری جیسے لوگوں نے قرضے لے کر ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کے لئے ہوئے قرضے ہم واپس کر رہے ہیں،ہمارا مقابلہ بونوں کے ساتھ ہے، جب زرداری نے عدالت جانا ہوتا ہے تو وہ وہیل چیئر منگوا لیتے ہیں اور معذوروں کی گاڑیوں پر آنا جانا شروع کر دیتے ہیں ضمانت ملنے کے بعد یہ اپنے قد سے بڑی بھڑکیں مارنا شروع کر دیتے ہیں،زرداری نے پیپلز پارٹی کی وہ حالت کر دی ہے کہ آج پیپلز پارٹی کے پاس پنجاب میں انتخابی امیدوار ہی نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ جماعتیں اب ٹی وی چینلز کے سہارے زندہ ہیں، ان کی کوریج بند ہو جائے تو یہ فارغ ہو جائیں، ان کی سیاست اب مہنگائی پر پروپیگنڈہ کرنا رہ گئی ہے،تیس سال سے سندھ میں اقتدار میں رہنے والے اب سندھ کے لئے پلان کا سوچ رہے ہیں یہ لوگ لاہور اور اسلام آباد کے چکر میں ہیں، یہ لاڑکانہ اور نواب شاہ جانے کے بھی نہیں رہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری نے اپنی باقی زندگی بیرون ملک گذارنی ہےہمیں الیکشن نہیں قوم کو دیکھنے کی ضرورت ہےماضی میں منگلا اور تربیلا کے علاوہ کوئی ڈیم نہیں بنایا گیا، ہم نے ڈیموں کی تعمیر پر کام شروع کیا، ڈیموں کی تعمیر سے پانی کے ذخائر میں بہتری آئے گی،اس وقت ملک میں دو لاکھ کمپنیاں موجود ہیں، ایک لاکھ ستاون ہزار کمپنیاں صرف پچھلے اڑھائی سال میں بنی ہیں،زرعی شعبہ پر ہم نے فوکس رکھا، ہماری پانچ بڑی فصلوں کی بمپر پیداوار ہوئی چاول، گندم، مکئی کی تاریخی پیداوار ہوئیں، کاٹن کی پیداوار میں 44 فیصد اضافہ ہوا۔
ریحانہ











