پاکستان، یونان کو دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں ایک اہم ملک سمجھتا ہے؛ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  

21

اسلام آباد،29دسمبر  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا ہے کہ پاکستان، یونان کو دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں ایک اہم ملک سمجھتا ہے، یونان میں مقیم  تیس ہزار کے قریب پاکستانی کمیونٹی یونان کی معاشی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔

ان خیالات  کا اظہا  ر  انہوں  نے   پاکستان میں یونان کے سبکدوش ہونے والے  سفیر آ ند ریاس پا پاستاورو   سے گفتگو میں کیا   ،جنہوں نے   بدھ کو  وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  سے  الوداعی ملاقات کی۔

وزیر خارجہ نے کورونا  وائرس  پابندیوں کے دوران 600 کے قریب پاکستانیوں کی یونان  واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے یونانی سفیر کی کوششوں کو سراہا۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور یونان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ  دونوں ملکوں کے  درمیان ثقافت، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔وزیر خارجہ نے سبکدوش ہونے والے یونانی سفیر کے لیے نیک خواہشات کابھی اظہار کیا ۔

یونانی سفیر آندریاس پاپاستاورونے توصیفی کلمات اور نیک خواہشات کے اظہار پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔