حسن ابدال، 29 دسمبر(اے پی پی): معاون خصوصی وزیر اعظم برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ میرے قائد وزیر اعظم عمران خان کا مشن ہے کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں، ضلع اٹک کی ہر تحصیل میں جاکر عوام کے مسائل سن کر انھیں موقع پر ہی حل کیاجائے گا، ہمارے قائد کی کوشش ہے کہ عوام کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں، وزیر اعظم عمران خان نے دنیا میں پاکستان کا نقشہ ہی بدل کر رکھ دیا ہے، اللہ کے فضل و کرم سے ہمارے پاس ایسا لیڈر موجود ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کا بھی لیڈر بن چکا ہے۔
یہ بات انھوں نے بلدیہ حسن ابدال کے ہال میں لگائی گئی کھلی کچہری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان وہ لیڈر ہے جو ملک کے جذبات کی عکاسی کر رہا ہے، ہمارے ملک کو سابق حکمرانوں نے قرضے میں جکڑا اور لندن میں رہائش اختیار کر رکھی ہے اور اس جگہ فلیٹ لے رکھا ہے جہاں کوئی امیر آدمی بھی فلیٹ لیکر رہائش رکھنے کا متحمل نہیں ہوسکتا، ان قرضوں کی وجہ سے کل ہم ایک منی بجٹ لانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افسوس ناک بات یہ ہے کہ جن قرضوں میں ہمیں پھنسایا گیا، وہ ملکی مفاد اور عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر خرچ نہیں ہوئے بلکہ ان کی عیاشیوں پر خرچ ہوئے ہیں، ان سابق حکمرانوں کا ایک ہی مقصد تھا کہ پاکستان میں کوئی بھی لیڈر ایسا نہ آسکے جو سر اٹھا کرپاکستان کے متعلق بات کر سکے لیکن عمران خان اس کامقابلہ کرئے گا۔
معاون خصوصی وزیر اعظم برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ آج کل جو مہنگائی آئی ہوئی ہے اسکی بڑی وجہ ان حکمرانوں کی عیاشاں ہیں، دوسرا ویسے بھی ساری دینا میں مہنگائی کی لہر آئی ہوئی ہے اور پوری دینا اسکی لپیٹ میں ہے، ان حکمرانوں نے آئی ایم ایف کے جن قرضوں میں ہمیں جکڑا ہے، وزیر اعظم عمران خان اس کے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے دن رات فکر مند رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹک کے عوام کے لئے خوشخبری یہ ہے کہ اگلے ماہ سے شناختی کارڈ ہی محکمہ صحت کا کارڈ تصور ہوگا اور کوئی بھی مریض دس لاکھ روپے کی ادویات لے سکے گا، اس میں تحصیل حسن ابدال کی ہسپتال شامل نہیں ہے، انشااللہ اسکو بھی شامل کروائیں گے۔
ملک امین اسلم نے کہا کہ صحت کارڈ کے ساتھ ساتھ ہماری حکومت نے کسانوں کا زراعت میں بڑی ریلیف فراہم کی ہے، گیارہ سو اراب روپے کے قرضے انھیں دئیے گئے ہیں اور100ارب روپے کی انقلابی ہاوسنگ سکیم کے تحت بنکوں سے قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں جو کچھ ماہ کے بعدبڑھ کر ایک ہزار ارب ہو جائیں گے، اگر کوئی بنک تعاون نہیں کرتا تو فوری طور پر میرے نوٹس میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل حسن ابدال کے عوام نے ایسے نمائندوں کو منتخب کیا ہے جنہوں نے اسکو پسماندہ رکھنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اس جانب کوئی توجہ نہیں دی، سات کروڑ روپے کی لاگت سے ٹیپو سلطان چوک پر کام جاری ہے جبکہ پنجہ صاحب حسن ابدال کو چار کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبے پر بھی کام جاری ہے، 8دیہاتوں کا سوئی گیس کی منظوری ہوچکی ہے جلد ہی ا س پر کام شروع ہوجائے گا ،اس کے علاوہ ہر یونین کونسل کو ترقیاتی کاموں کے لئے ایک ایک کروڑ روپے دئیے جائیں گے اور تحصیل حسن ابدال کو اٹک کی سب سے خوبصورت تحصیل بنایا جائے گا۔
میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ موجودہ حکومت بلدیات کا جو نظام لارہی ہے جو اپریل سے لاگو ہوگا اس میں اس نظام کے تحت براہ راست فنڈز دئیے جائیں گے جہاں تک کے پی کے میں شکست کا معاملہ ہے اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ حکومت نے الیکشن شفاف بنیادوں پر کرایا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تنظیمیں اس لئے تحلیل کی گئی ہے کہ انھوں نے اپنا صحیح کردار ادا نہیں کیا۔ انہوں نے کوشش ہی نہیں کی کہ جہاں پر پارٹی کے ایک سے زیادہ امیدوار ہیں ان کو دستبردار کرا کر ایک مضبوط امیدوار کو سامنے لایا جائے، پی ٹی آئی نے ان خامیوں اور کمزوریوں کا دور کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے، آئندہ ہونے والے پنجاب کے بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔
معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کھلی کچہری میں پیش ہونے والی شکایات کے ازالہ کے لئے انتظامیہ کا ایک ہفتہ کا ٹائم دیا ہے، زیادہ شکایات قبضہ مافیا اورمحکمہ مال کے متعلق تھیں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے علاوہ اے ڈی سی ریونیو اٹک مریضہ سلیم،ڈی ایس پی راجہ فیاض،ایس ایچ اوصدر حسن ابدال انسپکٹر رضوان اللہ،مختلف محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔











