معاشرتی ترقی اور سماج سدھار کے کاموں میں غیر سرکاری تنظیموں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے؛ ڈپٹی کمشنر کیپٹن اوکاڑہ

52

اوکاڑہ،30دسمبر)اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ معاشرتی ترقی اور سماج سدھار کے کاموں میں غیر سرکاری تنظیموں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ غیر سرکاری تنظیموں نے صحت، تعلیم ،لوگوں کو ہنر مند بنانے سمیت دیگر شعبوں میں جو گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں وہ لائق تحسین ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الفرقان ویلفیئر سوسائٹی اور اسکالرز ایجوکیشن پرموشن سوسائٹی این جی اوز کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے کہا کہ کسی بھی معاشرہ کی ہمہ جہت ترقی میں فعال اور متحرک این جی اوز مطلوبہ نتائج کے حصول میں معاونت فراہم کرتی ہیں، سماج سدھار اور لوگوں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کرنے اور خدمات کی فراہمی میں جتنا کام غیر سرکاری تنظیموں نے کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز ویٹس اینڈ مئیرز خالد جاوید بھٹی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ الفرقان ویلفیئر سوسائٹی اور اسکالرز ایجوکیشن پرموشن سوسائٹی کے نمائندوں عبد الماجد اور منور جاوید نے این جی او ز کے کام کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

انہوں نے بتایا کہ جو بچے تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں اور ان کے والدین ان کے تعلیمی اخراجات نہیں اٹھا سکتے ان بچوں کو فری تعلیم مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ اسکالر شپ بھی دی جا رہی ہے جبکہ ان کو سکول انتظامیہ کی جانب سے ان طالبعلموں کو مفت کھانا بھی فراہم کیا جاتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے این جی اوز کی کار کردگی کوسراہا ۔