کابینہ کا اومیکرون کی موجودہ صورتحال میں کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ

29

اسلام آباد، 25 جنوری (اے پی پی ): کابینہ نے  اومیکرون کی موجودہ صورتحال میں کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا  ہے ۔

منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کابینہ کو ملک میں اومی کرون کے پھیلاؤ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ موجودہ کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے تاہم ہاسپٹلائزیشن کی شرح کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچائو کے لئے ویکسی نیشن ضروری ہے، جن لوگوں نے ویکسی نیشن کروائی ہے، وہ نئی لہر سے متاثر نہیں ہوں گے۔  انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایسے اقدامات اٹھانے سے گریز کرے گی جس سے کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ وباء کے دوران کاروبار بند نہیں کئے جائیں گے جبکہ تمام سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے حوالے سے جو حکمت عملی اختیار کی وہ کامیاب رہی، دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک سمارٹ لاک ڈائون کی طرف آ رہے ہیں، برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے بھی سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ جب کورونا وباء عروج پر تھی تو وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں مزدوروں کا سوچنا ہوگا، انہیں نہ بھولیں، عالمی جریدے اکانومسٹ نے بھی ہماری سمارٹ لاک ڈائون حکمت عملی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے حوالے سے کامیابیوں کا سہرا وزیراعظم عمران خان کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد سے کورونا کی موجودہ لہر کو بھی شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے بیرون ملک جانے والے پاکستانی مزدوروں  کی سہولت کے لئے کورونا ٹیسٹ کی فیس کم کرنے کی تجویز  اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کرنے کی منظوری دی ہے۔