مری کی چھ فٹ برفباری ، پولیو ورکر صائقہ کا حوصلہ کم نہ کرسکی، گھر گھر بچوں کو قطرے پلانے میں مصروف

35

مری،27جنوری(اے پی پی):قومی مقصد کیلئے جذبہ سچا ہو تو کٹھن اور دشوار گزار راستے کوئی اہمیت نہیں رکھتے، اس بات کو مری سے تعلق رکھنے والی  خاتون پولیو ورکر صائقہ نے سچ ثابت کرکے دکھا دیا ہے۔

 موسم کی سختی، شدید برفباری اور خون جما دینے والی سردی بھی پولیو ورکرز کا حوصلہ کم نہ کرسکی۔ پولیو ورکر نے موسم کی پروا کیے بغیر مری کے پہاڑی علاقوں میں پولیو کے خاتمے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے ۔

برف پر چلتے ہوئے صائقہ مری روات کے دشوار گزار پہاڑیوں پر چھ فٹ برف ہونے

کے باوجود بھی اپنا کام خوش اسلوبی سے نجام دے رہی ہیں۔جس علاقے میں پولیو ورکر صائقہ کام کررہی ہیں، وہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے ہے۔

شدید سردی کی وجہ سے شہری گھروں میں محصور ہیں لیکن دشوار گزار برفیلے راستے بھی صائقہ کی ہمت نہ توڑ سکے ہیں، صائقہ کا صرف ایک ہی مقصد ہے اور وہ ہے پولیو فری پاکستان۔پولیو جیسے مرض سے نجات کا قومی مقصد رکھنے والی خواتین پولیو ورکرز کیلئے صائقہ مشعل راہ ہیں۔