لاہور،14 فروری (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اپوزیشن لانگ مارچ اور تحریک التواء کے ذریعے زندہ ہے،قانون اور آئین کے مطابق احتجاج جمہوریت کا حسن ہے ، حکومت عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کی کوشش کررہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیل روڈ پر ڈاکٹرعیسی لیب اینڈ ڈائیگناسٹک سنٹر کا افتتاح کے موقع پر کیا ۔سی ای او ڈاکٹرعیسی لیب اینڈ ڈائیگناسٹک سنٹرنے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو لیبارٹری میں تشخیصی ٹیسٹوں کی سہولت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق نجی سیکٹرکو پروموٹ کیاجارہاہے،پنجاب میں نیاپاکستان قومی صحت کارڈکی لانچنگ کے بعد نجی سیکٹر میں وسعت آناشروع ہوگئی ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان پہلے دن سے نجی سیکٹر کو پروموٹ کرنے کیلئے آسانیاں پیداکررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی وباء کے دوران پنجاب میں بی ایس ایل لیول تھری لیبزکی تعداد ایک سے بڑھاکر25کردی گئی ہے۔ اب پنجاب میں روزانہ کی بنیاپر کوروناکے 25ہزارسے 30ہزار تشخیصی ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔ نیاپاکستان قومی صحت کارڈکے ذریعے سسٹم میں 64000 بستروں کااضافہ ہواہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کے ساتھ نجی سیکٹربھی مریضوں کی آسانی کیلئے اقدامات اٹھارہاہےانھوں نے کہا کہ عوام کی فلا ح و بہبود کیلئے حکومت اور نجی سیکٹر کی مشترکہ کوششیں خوش آئندہیں۔
بعدازاں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ماں اور بچہ کے8نئے سرکاری ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔گنگارام ہسپتال لاہورمیں مدراینڈ چائلڈ بلاک میں تمام سپرسپیلٹیز کے شعبہ جات قائم کئے جائیں گے۔











